کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبارکا آغاز مثبت رحجان سے ہوا لیکن کچھ ہی دیر بعد مارکیٹ شئیرز کی فروخت کے دباؤ میں آگئی ۔ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس نے آج بھی چودہ ہزار چھ سو پوائنٹس کی سطح عبور کی تاہم حب پاور کمپنی، لکی سیمنٹ ، نیشنل بینک سمیت فرٹیلائزر اسکرپٹس میں مندی نے مارکیٹ کو گرین زون سے نکال کر ریڈ زون میں ڈال دیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس گیارہ پوائنٹس اضافے کے بعد چودہ ہزار پانچ سو ترپن پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم گزشتہ روزکے مقابلے میں تین کروڑ شئیرززائد رہا، اسٹاک مارکیٹ میں آٹھ کروڑچودہ لاکھ شئیرز کا لین دین ہوا،حجم کے اعتبار سے حب پاور کمپنی کے حصص میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے گزشتہ روزاکیس لاکھ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کے باوجود ملکی سیاسی صورتحال میں اتار چڑھاؤ اور پاکستان کی معاشی صورتحال کے پیش نظر مقامی سرمایہ کار نئی سرمایہ کاری سے گریز کررہے ہیں دوسری جانب لاہورسٹاک مارکیٹ میں آج مندی رہی۔ ایل ایس پچیس انڈیکس پندرہ پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار چھ سو چھیتر پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں پچاسی کمپنیوں کے بارہ لاکھ اٹھتر ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔ بارہ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، پندرہ کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ اٹھاون کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔