لاہور+ملتان+ شیخوپورہ (نامہ نگاران، نامہ نگار خصوصی، نوائے وقت نیوز) ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا کئی شہروں میں بجلی کی بندش کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ افطار، سحر اور نماز تراویح کے دوران بھی لوڈ شیڈنگ پر روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملتان کے علاقے قاسم بیلہ میں شہریوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے میپکو کے گارڈن ٹاﺅن سب ڈویژن آفس پر حملہ کر دیا ۔ شیشے دروازے کھڑکیاں توڑ ڈالیں اور دفتر کو آگ لگا دی۔ جس کے باعث سامان اور گاڑیاں جل گئیں۔ مشتعل مظاہرین میں شامل بچوں اور مردوں نے دفتر میں موجود کوئی سامان نہیں چھوڑا اور توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی جبکہ دفتر کا عملہ کام چھوڑ کر بھاگ گیا۔ مشتعل شہریوں نے میپکو انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین دفتر میں توڑ پھوڑ کے بعد منتشر ہو گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا بجلی کی مسلسل بندش کے باعث انہوں نے کئی بار میپکو حکام سے رابطہ کیا مگر ان کی کسی نے نہ سنی۔ شیخوپورہ شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج اور مظاہرے جاری رہے۔ جنڈیالہ روڈ، رحمت کالونی اور عقب ریگل چوک سمیت 4مقامات پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ عقب ریگل روڈ میں روزانہ دوسرے روز بھی صنعتی اداروں کو بجلی فراہم کرنے کے لئے دوپہر کے وقت شیڈول سے ہٹ کر چار گھنٹے کی مسلسل لوڈ شیڈنگ کی گئی جس کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ماہ رمضان کے دوران ملتان میں لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نے فیڈر کی خرابی اور دیگر وجوہات کے حوالے سے رپورٹ آج صبح 10بجے طلب کی ہے۔ وزیراعظم نے بجلی کی عدم فراہمی کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرنے کے لئے حکم بھی دیا ہے او رکہا ہے کہ ذمہ داران کا تعین کر کے کارروائی کی جائے۔
لوڈشیڈنگ جاری : ملتان میں واپڈا آفس نذر آتش‘ توڑ پھوڑ ۔۔۔ شیخوپورہ میں مظاہرے
Jul 27, 2013