اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے ایک غیر معمولی بیان کے ذریعہ مصر میں جمہوری اداروں کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے محمد مرسی کو بدستور مصر کا صدر قرار دیا ہے۔ مصر کی صورتحال پر دفتر خارجہ کی طرف سے پہلے باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ برادر ملک میں تشدد کے واقعات معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کو سخت تشویش اور گہر ا دکھ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ”صدر محمد مرسی“ کی فوری رہائی پر بھی زور دیتا ہے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت کو مخلصانہ طور پر امید ہے کہ مصر کی عظیم قوم سیاسی استحکام، پائیدار جمہوریت اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بناتے ہوئے اپنے معاملات کو بہترین انداز میں حل کرنے کے قابل ہو گی۔ ترجمان نے پاکستان میں فوجی مداخلت کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم مسائل کے حل کے لئے فوجی مداخلت کے مخالف ہیں کیونکہ پاکستان خود اس نوعیت کی مداخلت سے متاثر ہو چکا ہے۔ پاکستان مصر میں تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ دستوری و قانونی معاملات نمٹانے کے لئے پر امن انداز کو اختیار کیا جائے تاکہ جمہوری ادارے فوری طور پر بحال ہو سکیں۔ ترجمان نے کہا کہ مصر کی موجودہ صورتحال ملک میں جمہوریت اور جنوری 2011ءکے انقلاب کے متعین کردہ مقاصد کی کامیابی کے لئے کسی دھچکہ سے کم نہیں۔ پاکستان ا ور مصر کے درمیان باہمی احترام اور ایک دوسرے کے لئے نیک جذبات کی بنیاد پر دوستی اور اخوت کا مضبوط رشتہ موجود ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان سے پہلے ترکی، محمد مرسی کی معزولی کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں اب بھی مصر کا صدر قرار دیتا ہے۔ پاکستان اور ترکی کے برعکس سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے پاکستان کے دوست ملک مصر کی باغی حکومت کی حمائت کر رہے ہیں۔