مسلم لیگ (ن) کے وفد کی نائن زیرو آمد پر پیر پگاڑا ناراض، وفد سے ملاقات سے انکار کر دیا

Jul 27, 2013

کراچی(اے این این) مسلم لیگ (ن) کے وفد کی نائن زیرو آمد پر پیر پگاڑا ناراض ہو گئے، وفد سے ملاقات سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کو نائن زیرو آمد کے بعد اسحاق ڈار کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے وفد نے پیر پگاڑا کو ملاقات کا پیغام بھیجا اور ان سے ملاقات کی درخواست کی تاہم پیر پگاڑا نے ملاقات سے معذرت کر لی اور ان کے سٹاف کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو جواب دیا گیا کہ پیر پگاڑا ذاتی مصروفیت کی وجہ سے آج ملاقات نہیں کر سکتے، ممنون حسین کامیاب ہو کر راجہ ہاو¿س آئے تو پیر پگاڑا ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وفد نے ایم کیو کے مرکز جانے کے بارے میں پیر پگاڑا کو اعتماد میں نہیں لیا جس پر پیر پگاڑا ناراض ہیں۔ مسلم لیگ (ف) اور ایم کیو ایم کے درمیان سندھ کے بلدیاتی نظام سمیت مختلف امور پر سنجیدہ اختلافات ہیں۔ مسلم لیگ ن کے وفد اور پگاڑا میں ملاقات طے تھی۔ پیر پگاڑا نے افطاری کا انتظام بھی کر رکھا تھا۔تاہم پیر پگاڑا نے واضح کیا ہے کہ صدارتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) امیدوار کو ہی ووٹ دئیے جائیں گے۔ ممنون حسین کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ 

مزیدخبریں