لاہور (لیڈی رپورٹر) پیپلزپارٹی شعبہ خواتین لاہور کی صدر و رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک کی قیادت میں پیپلزپارٹی کی خواتین اور کارکنوں نے اسمبلی احاطے میں صدرمملکت آصف علی زرداری کی 58 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور صدر آصف علی زرداری کے حق میں نعرہ بازی کی گئی۔ جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک نے لاہور کی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری بشریٰ ملک‘عالیہ عزیز‘ عطیہ سلیم‘ فرزانہ احتشام‘ وحید عالم‘ کے ڈی رانا‘ اروڑی پٹھانی اور راﺅ شجاعت کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں صدرمملکت آصف علی زرداری کی 58 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فائزہ ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جمہوری صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ سے مسلسل چھ مرتبہ خطاب کرکے جو اعزاز حاصل کیا ہے‘ وہ پاکستان میں آج تک کسی کو نصیب نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ سے مسلسل چھ مرتبہ خطاب کرکے جو اعزاز حاصل کیا ہے وہ پاکستان میں آج تک کسی کو نصیب نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے دورحکومت میں ملک میں جمہوریت اور ادارے مضبوط ہوئے ہیں اور آج اگر ملک میں نئی جمہوریت حکومت وجود میں آ چکی ہے تو اس کا کریڈٹ بھی صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔