اسلام آباد/لاہور (این این آئی) ملک بھر میں بدترین لوڈ شیڈنگ اور اسکے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، بدترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تاجر طبقہ بلبلا اٹھا، حکومت نے چاند رات سے سے یکم اگست تک بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی ’’نوید‘‘ سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک اپنے اختتام کے قریب پہنچ گیا حکومت کی طرف سے رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی کا وعدہ وفا نہ ہوسکا۔ طلب اور رسد میں وسیع فرق گزشتہ روز بھی بر قرار رہا جسکے باعث شہری اور دیہی علاقوںمیں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی نہیںہو سکی ۔ مختلف شہری علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے اور مجموعی دورانیہ 9سے 11گھنٹے ریکارڈ کیا گیا جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی مشکل سے 5سے 6گھنٹے آتی ہے۔ گزشتہ روز بھی مختلف مقامات پرتاجروںنے احتجاجی مظاہرے کئے اور حکومت اور واپڈا کیخلاف نعرے بازی کی۔کوٹ امین شاہ میں آٹھ روز سے بجلی کی بندش کیخلاف احتجاج، شہریوں پر پولیس کی غنڈہ گردی، گھروں میں گھس کر خواتین اور معصوم بچوں پر تشدد، درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ ساہوکا میں بھی احتجاج کیا گیا۔ وزارت پانی و بجلی نے عیدالفطر پر ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ہفتے کے روز وزارت پانی و بجلی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چاند رات سے یکم اگست تک لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔ دوسری جانب سیکرٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی کا کہنا ہے کہ عید پر صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کریں گے اور پوری کوشش ہو گی کہ لوڈشیڈنگ نہ ہو تاکہ عوام عید کے دوران لوڈشیڈنگ کی اذیت سے محفوظ رہ سکیں۔ کراچی میں جمعہ کی شام 12 گھنٹے کے بعد بحال کی گئی بجلی ہفتہ کو سحری کے بعد پھر چلی گئی۔ مختلف علاقوں میں بجلی کا شدید بحران جاری رہا۔