اسرائیلی پولیس مسجد اقصیٰ میں داخل ، فلسطینیوں سے جھڑپ : 6 صیہونی اہلکار زخمی

مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی+ نیٹ نیوز+ بی بی سی) اسرائیلی پولیس مسلمانوں کے مقدس مقام قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں داخل ہو گئی۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ان مشتبہ فلسطینیوں کی گرفتاری کے لئے مسجد اقصیٰ میں گئی جنہوں نے پولیس پر پتھرائو کیا۔ دعویٰ کے مطابق فلسطینیوں نے پتھرائو کیا اور آتشگیر مادہ پھینکا جس سے 6 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس مسجد اقصیٰ کے اندر کئی میٹر تک داخل ہو گئی اور مسجد کے دروازے بند کر دئیے۔ اے ایف پی کے مطابق 6فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق اسرائیلی پولیس اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان مسجد اقصیٰ کے کمپلیکس میں تصادم ہوا جس میں 6اسرائیلی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ تصادم اس وقت ہوا جب مسجد اقصیٰ کے کمپلیکس میں اسرائیلی پولیس داخل ہوئی۔ اسرائیلی پولیس کے مطابق فلسطینیوں نے مسجد میں داخل ہونے کے بعد مورچہ بندی کی اور پولیس پر پتھرائو شروع کر دیا۔ جسے روکنے کے لئے پولیس کو مسجد میں داخل ہونا پڑا۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں نے مقدس دیوار کی زیارت کے لئے آنے والے یہودیوں کی عبادت میں خلل ڈالا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی فلسطینی شہری کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’چہرے پر ماسک چڑھائے افراد مسجد میں داخل ہوئے انہوں نے مسجد اقصیٰ کے اندر پولیس پر پتھر اور بلاک پھینکے۔ ’’انہوں نے پولیس پر براہ راست آتش گیر مواد بھی پھینکا۔ بیان کے مطابق زیادہ ہنگامہ آرائی اور کشیدگی اور مزید پولیس اہلکاروں کو زخمی ہونے سے بچانے کے لئے پولیس مسجد کے اندر داخل ہوئی اور حالات معمول پر لانے کے لئے دروازے بند کر دئیے گئے۔ فلسطینی خبرایجنسی کے مطابق مسجد اقصیٰ میں شدت پسند یہودیوں کے داخلے پر مسجد کے احاطے میں شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد اسرائیلی پولیس نے مسجد کو بند کردیا۔ یہودیوں کے مقدس دن کے موقع پر سینکڑوں انتہا پسند یہودیوں نے مسجد اقصیٰ میں داخلے کی کوشش کی۔ اسرائیلی پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی، سائونڈ بم پھینکے، جھڑپ کے فوری بعد مسجد اقصیٰ کے مرکزی دروازے بند کرتے ہوئے لوگوں کو مسجد سے باہر نکال دیا۔ فلسطینی نیوزایجنسی کے مطابق یہودی انتہا پسندوں نے مسجد اقصیٰ کے مرکزی دروازے کے باہر ایک بچے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد سینکڑوں افراد نے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی اور تصادم ہوگیا جبکہ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ یہودیوں کے مقدس دن کے موقع پر یہودی مسجد اقصی میں داخل ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے یہودی سالانہ مقدس دن تیشا بی اے منا رہے تھے۔ حکام کی جانب سے اس موقع پر سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن