لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سول سیکرٹریٹ لاہور، مختلف ڈویژنز اور اضلاع میں کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے ارکان اور انتظامیہ سے ویڈیو کانفرنس کی۔ جس کے دوران سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال، حفاظتی انتظامات اور ریسکیو و ریلیف آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا جنوبی پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کیلئے لگائے امدادی کیمپوں میں کھانے پینے کی اشیائ، منرل واٹر اور ادویات کا وافر سٹاک رکھا جائے۔ متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔کابینہ کمیٹی اور انتظامیہ موسم کی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر آئندہ دنوں کی پہلے سے پیش بندی کرے۔ اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ متعلقہ وفاقی اور صوبائی ادارے موسم کی صورتحال اور دریائوں میں پانی کے بہائو کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ معلومات کا تبادلہ کریں۔ وزیراعلیٰ نے دریائوں کی قریبی آبادیوں کے فوری انخلاء کا حکم دیتے ہوئے کہا لوگوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا زیرتعمیر بند و پشتوں کی مضبوطی میں غفلت پر سخت ایکشن لیا جائے گا، بند اور حفاظتی پشتوں پر تاخیر سے کام شروع ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کابینہ کمیٹی اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ 24 گھنٹے چوکس رہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں۔ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔ ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور اس ضمن میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کروں گا۔وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی دریائوں میں نہانے پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو ہدایت کی رابطہ سڑکوں کی بحالی کیلئے بیلی برجز لگائے جائیں۔ مزید براں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے ہرممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے بجلی کے منصوبوں کے لئے جتنی سنجیدہ کاوشیں کی ہیں اس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ پنجاب میں کوئلے،گیس ، ہائیڈل، سولر اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام کیا رہا ہے جبکہ صوبے میں گیس سے 3600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی بھی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، جس کے تحت پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 1200میگاواٹ کا گیس پاورمنصوبہ شیخوپورہ کے علاقے بھکی میں لگائے گی جبکہ وفاقی حکومت 1200میگا واٹ کا گیس پاور کا ایک منصوبہ بلوکی اور 1200میگاواٹ کا گیس پاور کا ایک منصوبہ حویلی بہادر شاہ ،جھنگ میں لگائے گی۔ انہوں نے کہا گزشتہ برس ملک وقوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا جس سے منصوبے تعطل کا شکار ہوئے تاہم اب نئے عزم اور محنت سے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی تلافی کریں گے اور ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں پنجاب میں گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر پیش رفت کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 1200 میگاواٹ کا منصوبہ شیخوپورہ کے علاقے بھکی میں لگائے گی۔ پنجاب میں ہی وفاقی حکومت 2400 میگاواٹ کے دو منصوبے بلوکی اور حویلی بہادر شاہ جھنگ کے علاقوں میں لگائے گی۔ انہوں نے بتایا تینوں منصوبوں کی فیزیبلٹی رپورٹس تیار کر لی گئی ہیں۔ ملک و قوم کا قیمتی وقت گذشتہ برس بے مقصد دھرنوں کے باعث ضائع کیا گیا اور اب نئے عزم اور محنت سے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی تلافی کریں گے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے نوائے وقت گروپ کے ایڈیٹر انچیف ڈاکٹر مجید نظامی کی پہلی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے ’’روزنامہ نوائے وقت‘‘ کے ایڈیٹر ڈاکٹر مجید نظامی نے شعبہ صحافت ، نظریہ پاکستان کے تحفظ، تحریک پاکستان کے کارکنوں کی فلاح وبہبود، ملک میں جمہوریت کی سربلندی اورآئین کی بالادستی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں اور ڈاکٹر مجید نظامی ایک عہد ساز شخصیت تھے، بلاشبہ ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی جمہوریت اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کمٹمنٹ غیرمتنازعہ اور غیر متزلزل تھی۔ پاکستان میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی سربلندی کی تاریخ ڈاکٹر مجید نظامی کے ذکر کے بغیر کبھی بھی مکمل نہیں ہوسکتی۔ ڈاکٹر مجید نظامی نے ہر دور میں حکمرانوں کا کڑا احتساب کیا اور عوام کی ہر مرحلے پر رہنمائی کی۔ انہوں نے مزید کہا بلاشبہ ڈاکٹر مجید نظامی ایک سچے اور محب وطن پاکستانی تھے اور پاکستان کی نظریاتی اساس کے امین تھے۔ ڈاکٹر مجید نظامی نے ہمیشہ نظریہ پاکستان کا بھرپور تحفظ کیا۔ انہوں نے ’’نظریہ پاکستان ٹرسٹ ‘‘کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کیا اور نظریہ پاکستان کی ترویج و اشاعت کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم نے آمریت کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا بلکہ ہمیشہ جابر حکمران کے سامنے ڈٹ کر کلمہ حق کہا۔ ڈاکٹرمجید نظامی تمام عمر ملک میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کے استحکام کیلئے کوشاں رہے اور وہ میرے لئے ایک شفیق بزرگ کی حیثیت رکھتے تھے۔ شہبازشریف نے سینئر صحافی ندیم علوی اور نیشنل کالج آف آرٹس کے پرنسپل پروفیسر مرتضیٰ جعفری کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔