سپیکر قومی اسمبلی نے ریلوے میں بے قاعدگیوں اور کرپشن کے حوالے سے کیسوں پر پیشرفت کے بارے میں نیب سے رپورٹ مانگ لی

Jul 27, 2015

اسلام آباد (آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مشرف دور میں ریلوے میں ہونیوالی بے قاعدگیوں اور کرپشن کے حوالے سے بھجوائے گئے کیسز پر ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے نیب رپورٹ مانگ لی ہے۔ ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق پیپلزپارٹی کے دور میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئرمین تھے۔ انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں ریلوے میں ہونے والی بے قاعدگیوں اور کرپشن کے حوالے سے 9 کیسز نیب کو بھجوائے تھے مگر نیب نے ان کیسز پر ابھی تک تحقیقات مکمل نہیں کی ہیں۔ سپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی پی اے سی اور کمیٹی برانچ سے ایسے تمام کیسز کی تفصیل مانگی جو انہیں فراہم کر دی گئی جو کہ انہوں نے بطور چیئرمین ریلوے کمیٹی نیب کو بھجوائے گئے تھے۔ اب سپیکر کی جانب سے ایک خط نیب کو بھیجا گیا ہے جس میں نیب سے پوچھا گیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو بتائے کہ ان 9 کیسز کا سٹیٹس کیا ہے۔ ان کیسز میں چین سے ناقص ریلوے انجنوں اور بوگیوں کی خریداری رائل پام گالف کلب‘ ریلوے انجنوں سے تیل کی چوری اور جعلی موبائل آئل سے انجنوں کی تباہی‘ ریلوے کی پٹری کی چوری اور ریلوے کی زمین اور پلیٹ فارمز پر مختلف سٹالز کے ٹھیکوں میں بے قاعدگیوں کے کیسز شامل ہیں۔
سپیکر رپورٹ مانگ لی

مزیدخبریں