کراچی (سٹاف رپورٹر) عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کو کس نے قتل کیا؟ پولیس کی تحقیقاتی ٹیمیں اس گتھی کو سلجھانے کے بجائے، باہمی اختلافات میں الجھ گئی ہیں۔امجد صابری قتل کیس میں پہلی پیشرفت اس وقت ہوئی جب پولیس نے عمران صدیقی نامی ملزم کو گرفتار کیا۔ اگلا مرحلہ ملزم سے تفتیش کا تھا جہاں پولیس کے باہمی اختلافات ہر گزرتے دن کے ساتھ شدید ہوتے جارہے ہیں۔ پولیس کا ایک حلقہ عمران صدیقی ہی کو امجد صابری کا قاتل قرار دیتا ہے جبکہ اعلیٰ پولیس افسران نے اسے قاتل ماننے سے انکار کردیا ہے ۔اعلیٰ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ کیس کی جیوفینسنگ کے مطابق ملزم نہ تو واردات کی جگہ پر موجود تھا اور نہ ہی گواہوں نے اسے دیکھا۔ دوسری جانب ملزم کے اہل خانہ بھی اسے بے گناہ قرار دے رہے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کے مطابق امجد صابری قتل میں ملوث گروپ کی نشاندہی ہوگئی ہے لیکن شوٹرز کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ دوسری طرف ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی کا کہنا ہے کہ امجد صابری کے قتل میں کسی گروپ کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد نہیں ملے۔