گندم سبسڈی میں اضافہ دال چنا کی قیمتیں بڑھنے کی تحقیقات کا حکم

Jul 27, 2016

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوا۔ اجلاس کے دوران پنجاب اور سندھ کے لئے گندم کی برآمد پر ری بیٹ دینے کی منظوری دی، گندم کی برآمد پر ری بیٹ وفاق اور صوبے مشترکہ طور پر ادا کریں گے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی شیشہ سموکنگ اور اس سے متعلق اشیا کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ نہ کر سکی۔ ای سی سی کے مطابق درآمدی پالیسی آرڈر میں ترمیم کا اختیار وفاقی کابینہ کو ہے۔ شیشہ سموکنگ اور اس سے متعلق اشیا پر پابندی کی سمری وفاقی کابینہ کو بھیج دی گئی۔ اجلاس میں 25 ہزار ٹن دال چنا درآمد کرنے کی سمری مسترد کر دی گئی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دال چنا کی قیمتیں بڑھنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور مسابقتی کمشن بھی دال کی قیمتوں میں اضافے کی تحقیقات کرے۔ کمیٹی نے اقتصادی راہداری منصوبہ کیلئے مشینری اور دیگر آلات کی درآمد پر ٹیکس اور ڈیوٹیز پر چھوٹ کی منظوری دی۔ سی پیک کے تحت قراقرم ہائی ویز فیز ٹو کو ٹیکس سے چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی جبکہ گندم اور آٹے کی برآمد پر 30 ڈالر فی میٹرک ٹن سبسڈی میں اضافہ کر دیا گیا۔ گندم اور آٹے کی برآمد پر حکومت اب 120 ڈالر میٹرک ٹن سبسڈی دے گی۔ کمیٹی نے بنک الفلاح کو یو اے میں 100 ملین درہم سرمایہ کاری منتقل کرنے کی اجازت دیدی۔ سی پیک کے تحت کراچی، لاہور موٹر وے پراجیکٹ کو ٹیکس کی چھوٹ دینے کی منظوری دی گئی۔

مزیدخبریں