لاہور(نامہ نگاران) کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5بچوں کی ماں سمیت 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ تفصیل کے مطابق سے شکر گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گورالہ کے محلہ حاجی پور میں گیپکو اہلکاروں کی لاپرواہی سے بجلی کے پول میں کرنٹ آنے سے 2 معصوم بچیاں منیبہ دختر الطاف اور بلقیس ولد اقبال کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئیں۔ گزرتے ہوئے اچانک بجلی کے پول سے چمٹ گئیں جس میں کرنٹ آیا ہوا تھا۔ دونوں کو زبردست جھٹکا لگا اور موقع پر ہی اللہ کو پیاری ہوگئیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق چک 152گ۔ب میں 19 سالہ بلال حسین اور 12 سالہ عبدالرحمن گائوں میں مسجد میں پانی والی ٹینکی کی صفائی کررہے تھے کہ اوپر سے گزرنے والی تاروں سے سر ٹکرا جانے کے باعث بلال حسین موقع پر جاں بحق جبکہ عبدالرحمن بری طرح جھلس گیا۔ مزید برآں کامونکی میں محلہ درویش پورہ کے محنت کش اشتیاق رحمانی کی اہلیہ نازیہ بی بی پنکھے کو آن کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ متوفیہ کی عمر 30 سال کے لگ بھگ تھی اور پانچ بچوں کی ماں بتائی جاتی ہے۔ واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق محلہ عید گاہ کا کرامت علی ٹھیکیدار صبح کے وقت موٹر پمپ کے ساتھ لگے ہینڈ پمپ پر ہاتھ دھونے لگا تو کرنٹ لگنے سے ہینڈ پمپ سے چمٹ گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق نواحی چک نمبر5 گ ب کا 18 سالہ عدیل گھر میں کپڑے استری کررہا تھا کہ اچانک استری میں کرنٹ آجانے کے باعث اسے بجلی کا شدید جھٹکا لگا جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔ شیخوپورہ میں سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق نارنگ روڈ آبادی کالاخطائی میں ایک خاتون شریفاں بی بی پنکھے میں کرنٹ آنے سے جاں بحق ہوگئی۔
کرنٹ لگنے سے 5بچوں کی ماں سمیت6 افراد جاں بحق
Jul 27, 2016