اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے تحریک انصاف کے 7 اگست کو شروع ہونے والے ایجی ٹیشن کو غیر مؤثر بنانے کیلئے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطے قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں وفاقی وزراء پرویز رشید‘ محمد اسحاق ڈار‘ خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق کو پیپلز پارٹی‘ اے این پی‘ ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کو تحریک انصاف کے ایجی ٹیشن سے الگ رکھنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی ’’سولو فلائٹ‘‘ سے اپوزیشن پہلے ہی منقسم ہے حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تقسیم اور فاصلے بڑھانے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ 8 اگست کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں وزیراعظم محمد نواز شریف خود شرکت کرینگے۔ حکومت پارلیمانی محاذ پر بھی اپوزیشن جماعتوں کو قریب تر کرنے کی پالیسی اختیار کرے گی۔
مسلم لیگ کا پی ٹی آئی کی تحریک ناکام بنانے کیلئے دیگر جماعتوں کیساتھ رابطوں کا فیصلہ
Jul 27, 2016