دنیا اور مسلم امہ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف متحدہو جائیں:جنرل راحیل

اسلام آباد+ قاہرہ (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہا کہ پوری دنیا اور مسلم امہ کو دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے متحد ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ جنرل راحیل دو روزہ سرکاری دورہ پر مصر گئے ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات دونوں قائدین نے خطے میں سلامتی کی صورتحال اور درپیش چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مصری صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا اور علاقائی امن کے قیام کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ جنرل راحیل نے جامعہ الازہر کے امام اعظم شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔ شیخ الازہر نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی کوششوں کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران مسلمان نوجوانوں کی روشن خیالی، تکنیکی ترقی، اعتدال پسندی اور جدید علوم سے ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ جنرل راحیل نے کہا کہ مسلم نوجوان ٹیکنیکل تعلیم حاصل کریں۔ آرمی چیف نے مصری فورسز کے تربیتی سنٹر کا بھی دورہ کیا اور مصری سپیشل فورسز کی استعداد اور کارکردگی کو سراہا۔ صباح نیوز اوراین این آئی کے مطابق آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری دنیا اور مسلم امہ کے متحد ہونے پر زور دیا۔ مصری فوج کے ہیڈ کوارٹر میں جنرل راحیل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن