لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور اور کراچی میں خٹرائلز شیڈول کے مطابق 27 اور 28 کو منعقد ہونگے جبکہ مردان میں ہونے والے ٹرائلز کو گراونڈ کی اچھی حالت نہ ہونے کی بنا پر بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق ٹرائلز میں ایسے کھلاڑی حصہ لے سکیں گے جن کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 1998ءکے بعد کی ہوگی۔ شیڈول کے مطابق لاہور اور کراچی میں 27 اور 28 جولائی کو ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا۔ لاہور کے جوہر ہاکی سٹیڈیم میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی جبکہ کراچی میں سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی حصہ لے سکیں گے۔ خیبر پی کے اور اسلام آباد کے کھلاڑیوں کے لیے ٹرائلز مردان میں رکھے گئے تھے تاہم وہاں گراونڈ کی حالت اچھی نہ ہونے کی بنا پر ٹرائلز کو بنو شفٹ کر دیا گیا ہے جو 29 اور 30 جولائی کو منعقد ہونگے۔