کراچی (کرائم رپورٹر) رینجرز نے ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا‘ دونوں ٹارگٹ کلرز محمد رحیم اور محمد دانش نے ایم کیو ایم لندن کے جنوبی افریقی نیٹ ورک کےٹاسک پر 17 جولائی کو اورنگی ٹاﺅن میں پاک سرزمین پارٹی کے دو کارکنوں کو قتل کیا تھا اور وہ خفیہ طور پر شہر میں بانی ایم کیو ایم کے حق میں وال چاکنگ بھی کر رہے تھے۔ محمد رحیم اور محمد دانش نامی دونوں ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کا اعلان رینجرز کے کرنل قیصر خٹک نے بدھ کی سہ پہر رینجرز ہیڈ کوارٹرز سندھ میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتاری کے بعد دونوں ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اُگل دئیے ہیں جلد ہی انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ کرنل قیصر خٹک کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے ایم کیو ایم لندن کے جنوبی افریقہ میں موجود نیٹ ورک سے رابطے میں تھے اور ساﺅتھ افریقہ سے ہی واٹس ایپ کے ذریعے انہیں پیغام دیا گیا تھا اور 50 ہزار روپے ان کے بنک اکاﺅنٹ میں بھجوائے گئے تھے جبکہ 17 جولائی کو اورنگی میں پاک سرزمین پارٹی کے دو کارکنوں عبدالمجید عرف ندیم مولانا اور راشد کے قتل کے بعد بانی ایم کیو ایم نے انہیں شاباش بھی دی تھی۔ کرنل قیصر خٹک نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے کہ کون کہاں سے آپریٹ کر رہا ہے شرپسندوں پر نظر رکھی ہوئی ہے کراچی کے حالات اب بہت بہتر ہیں وہ دن گئے جب بھتہ نہ دینے پر لوگوں کو قتل کر دیا جاتا تھا اور ایک کال پر شہر بند ہو جاتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اب شرپسندوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔