ملتان (اے این این) راجا پور میں پنچایت کے حکم پر 17 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کے نواحی علاقے راجا پور میں پنچایت کے حکم پر 17 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ کی تفصیل کے مطابق عمر وڈا نامی شخص نے 12 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، معاملے کا فیصلہ کرنے کے لئے امین، سعید پٹواری اور دیگر(افراد کی سربراہی میں پنچایت لگائی گئی جہاں پنچایت نے بدلے میں عمر وڈا کی 17 سالہ بہن کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا حکم سنایا جس پر متاثرہ لڑکی کے بھائی اشفاق نے 18 جولائی کو عمر وڈا کی بہن کے ساتھ زیادتی کی۔ متاثرہ خاندانوں نے ایک دوسرے پر جنسی زیادتی کے مقدمات درج کرادیئے جب کہ مظفرآباد پولیس نے سرپنچ سمیت 16 افراد کو گرفتار کرلیا تاہم مرکزی ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ مظفر آباد ملک راشد نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان کے نواحی علاقے مظفرآباد میں رواں ماہ 16 جولائی کو ایک 12 سالہ بچی گھاس کاٹنے گئی تو وہاں موجود ایک شخص نے اسے مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنا ڈالا۔مذکورہ بچی نے یہ بات اپنے گھر والوں کو بتائی جس کے بعد 18 جولائی کو وہاں مقامی افراد کی ایک پنچایت منعقد ہوئی۔ تقریباً 40 افراد پر مشتمل پنچایت کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ ریپ کرنے والے شخص کی 17 سالہ بہن کو بھی بدلے میں ریپ کا نشانہ بنایا جائے۔ اس فیصلے کے بعد ملزم کی بہن کو وہاں لایا گیا اور ریپ کا شکار ہونے والی 12 سالہ بچی کے بھائی نے پنچایت کے حکم پر لڑکی کو بدلے میں مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنایا۔ اس پنچایت کے بعد ریپ کا شکار ہونے والی بچی کے گھر والوں نے ویمن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا، یہ بات جب ملزم کے اہلخانہ کو معلوم ہوئی تو انہوں نے بھی ویمن پولیس سنٹر میں مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس حکام نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ پنچایت کے حوالے سے ایک اور ایف آئی آر تھانہ مظفر آباد میں پولیس کی مدعیت میں درج کی جائے گی اور اس حوالے سے لیگل ڈپارٹمنٹ سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔
ملتان میں پنچائیت کے حکم پر لڑکی سے زیادتی، سرپنچ سمیت 16گرفتار ، کئی فرار
Jul 27, 2017