تحائف کی مد میں 102 ارب روپے کی منی لانڈنگ میں ملوث 2 ہزار 785 افراد کو نوٹس

Jul 27, 2017

اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز) ایک اہم پیشرفت کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 2 ہزار 7 سو 85 افراد کو نوٹس جاری کیے ہیں جنہوں نے گذشتہ مالی سال کے دوران تحائف کی مد میں مبینہ طور پر 102 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی۔ایف بی آر کے ایک افسر نے بتایا کہ ان افراد کو اپنی آمدن کے ذرائع بتانے کے لیے کہا گیا ہے۔خیال رہے کہ موجوہ قانون کے تحت تحائف ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں اور بہت سے ایسے افراد جو مالی طور پر مستحکم ہیں قومی ریونیو میں حصہ ڈالے بغیر ہی اپنی آمدنی، مال اور اثاثوں کی منتقلی کے لیے اس استثنی کو محفوظ طریقہ کار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔حال ہی میں تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن شاد محمود سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھاری تحائف وصول کرنے والوں کو نوٹسسز جاری کرنے کی تصدیق کی۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق ملک میں 3 افراد نے ایک ارب روپے یا اس سے زائد کے تحائف وصول کئے۔8 افراد نے 50 کروڑ سے ایک ارب روپے کے درمیان تحائف وصول کیے۔ذرائع نے بتایا 97 افراد نے 10 سے 20 کروڑ، 280 افراد نے 5 سے 10 کروڑ کے تحائف لیے جبکہ 2 ہزار 348 افراد نے ایک سے 5 کروڑ روپے کے درمیان تحائف وصول کیے۔

مزیدخبریں