امریکہ نے کہاہے کہ افغانستان میں کامیابی کیلئے پاکستان کاتعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے.خطے میں امریکی حکمت عملی میں پاکستان کو کلیدی اہمیت حاصل ہے.گزشتہ دس سال سے افغان فورسز کو بڑا جانی نقصان اٹھانا پڑا ان کی استعداد کار بہتر بنانے کیلئے مزید کام کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار امریکہ کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل جوزف دونفورڈ نے کیلی فورنیا میں سالانہ اسپن سیکیورٹی فورم میں افغان پالیسی کے جاری جائز ے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کیا۔جنرل جوزف نے کہاکہ امریکی پالیسی کا جاری جائزہ افغانستان کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا اور ایران کے بارے میں بھی ہے۔انہوں نے کہاکہ خطے میں امریکی حکمت عملی میں پاکستان کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔جنرل دونفورڈ نے کہاکہ گزشتہ دس سال سے زائد عرصے میں افغان فورسز کو بڑا جانی نقصان اٹھانا پڑا او ر ان کی استعداد کار بہتر بنانے کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔افغانستان سے انخلا کی حتمی مدت کے حوالے سے ایک سوال پرجنرل دونفورڈ نے کہاکہ اس بارے میں مصنوعی نظام الاوقات دینے کاکوئی فائدہ نہیں ہوگا۔