کراچی(این این آئی)پاکستان دنیا بھر میں گنا پیدا کرنے والے 105ممالک کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے جبکہ چینی پیدا کرنے والے ممالک کی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان کا 14 واں نمبر ہے۔زرعی ماہرین نے بتایا کہ پاکستان کے بعض علاقوں میں کاشتکار جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے 12 سو سے 15 سو من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے گنے کی اقسام موسمی حالات، آب و ہوا اور زمین بہترین پیداواری صلاحیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے کاشتکار جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین زراعت کی سفارشات پر عملدر آمد کریں تو گنے کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے باعث ہم پانچویں سے دوسرے یا تیسرے نمبر پر آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ماہرین زراعت کے مشورہ پر عمل کرتے ہوئے پودوں کی مطلوبہ تعداد اور فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کیلیے ترقی دادہ اقسام اور صحت مند بیج کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ چینی کی پیداوار میں بھی اضافہ ممکن ہو سکے۔واضح رہے کہ پاکستان میں گنے کی فی ایکڑ اوسط پیداوار 500 من ہے جبکہ دیگر ممالک میں عالمی اوسط پیداوار 600 من فی ایکڑ سے بھی زائد ہے۔