لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم حسین رضوی نے کہا انتخابات میں ایک ایسے شخص کو آگے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ملک کی نظریاتی سرحدوں کا بالکل محافظ نہیں، جو ملک کو ایک لبرل اسٹیٹ بنانا چاہتا ہے، یہ نہایت ہی گھناگونا کھیل کھیلا گیا، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اداروں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے تھا، اسلام کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، ملک میں کرپشن کا بازار ہی گرم رہے گا، اس کے خاتمہ کا کا ایک ہی حل ہے کہ نظام مصطفی کا نفاذ کیا جائے، گزشتہ روز تحریک کے دفتر مں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بالکل مایوس نہیں ہیں، نہ کوئی ہم سے زیادہ دلیر ہے، ہم تو گولیاں کھا کر بھی لاشیں اٹھا کر بھی ہمت نہ ہاری نہ ہم مایوسی کی کبھی بات کی ہے، جو لوگ خود کو ملک کا خیر خواہ کہتے تھے اب ان پر ایک سوالیہ نشان لگ چکا ہے، اب صرف وہی اس سوالیہ نشان کو خود سے ہٹوا سکتے، الیکشن کے موقع بدترین دھاندلی نہیں بلکہ دھاندلہ ہوا، الیکشن نہیں سلیکشن کی گئی، اگر سلیکشن ہی کرنا تھی تو قوم کا اربوں روپیہ کیوں ضائع کیا گیا، شفاف اور غیر جانبدارنی انتخاب کا ڈرامہ کیوں رچایا گیا، میچ پہلے ہی طے شدہ تھا تو اس کا اعلان بھی پہلے ہی کر دیتے تاکہ ملک کے کروڑوں لوگوں کا اعتماد مجروح نہ ہوتا، ملک بھر میں ہمارے ایجنٹوں کو فارم45 اور دوسرے دستخط شدہ فارم نہ دیئے گئے، دستخط شدہ فارم کا مطالبہ کیا گیا تو انہیں دھکے دے کرپولنگ سٹیشنوں سے نکال دیا گیا، جب ہمارے ساتھیوں آر اوز اور ڈی آر اوز سے رابطہ کی کوشش کی تو انہوں فون سننے بھی گوارا نہ کئے، ہم اس زیادتی، غنڈہ گردی اور انتخابی نتائج کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ تحریک لبیک یارسول اللہؐ اورتحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے عام انتخابات کے موقع پرہونے والی دھاندلیوں کے سلسلے میں مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہا کہ قوم کے اربوں روپے کے اخراجات اور قیمتی اوقات لگانے کے باوجود انتخابات کے حقیقی مقاصد حاصل نہیں ہو سکے ۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے کہا ہے کہ25 جولائی کو دن دیہاڑے جمہوریت کا خون کیا گیا۔ 20 سال پہلے بنائی گئی ملک سے اسلام کو رخصت کرنے اور سیکولر عناصر کو کامیاب کروانے کی سازش کامیاب ہوگئی۔ متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاںمقصود احمد صاحب نے عام انتخابات میں خیبر پی کے، پنجاب اور کراچی سمیت ملک بھر میں بدترین دھاندلی کی پُرزور مذمت کرتے کہا کہ متحدہ مجلس عمل اورمسلم لیگ (ن) سمیت پانچ جماعتوں نے عام انتخابات کے نتائج کو مستردکر دیا۔
خادم رضوی/ نتائج
الیکشن میں دھاندلا ہوا، نتائج مسترد کرتے ہیں: خادم رضوی
Jul 27, 2018