کھلاڑیوں کو ورلڈ جونیئر سکواش ٹورنامنٹ میں بھیج کر پیسہ ضائع کیا گیا : جان شیر

Jul 27, 2018

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے بھارت میں منعقدہ ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی پر بہت مایوسی ہوئی، ٹیم کی سلیکشن اور ٹریننگ صحیح نہیں تھی۔جان شیر خان نے کہا کہ ورلڈ جونیئر جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی سلیکشن میں کوتاہیاں سرزد ہوئی ہیں اور ایسے نااہل کھلاڑیوں کو سلیکٹ کیاگیا ہے جو بھارت میں پاکستان کی بدنامی کا سبب بنے جو کہ نہایت افسوس کا مقام ہے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ جونیئر ٹیم میں منتخب کیے گئے پلیئرز نااہل تھے اور ان کی صحیح ٹریننگ بھی نہیں کی گئی، کوچز اور ٹرینرز کھلاڑیوں کو اتنے بڑے ٹورنامنٹ کیلئے تیار کرنے میں ناکام رہے۔پاکستان سکواش فیڈریشن کو اس سلسلے میں سخت اقدامات ا±ٹھاتے ہوئے مکمل تحقیقات کرنی چاہئیں، اور ملک کی بدنامی کا سبب والے عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔سابق عالمی چیمپئن نے کہا کہ ہار جیت گیم کا حصہ ہوتی ہے مگر انڈیا میں کولمبیا اور میکسیکو کیساتھ میچوں میں ہمارے کھلاڑیوں نے جس خراب کھیل کا مظاہرہ کیا وہ انتہائی افسوسناک ہے کیونکہ سکواش میں ان ممالک کا تو کوئی مناسب مقام ہی نہیں۔فیڈریشن نے نااہل کھلاڑیوں کو ورلڈ جونیئر ٹورنامنٹ میں بھیج کر ملک اور قوم کے پیسہ کو ضائع کیا ہے جو رقم فیڈریشن نے ورلڈ جونیئر میں پلیئرز اور سٹاف کی شرکت کرنے میں لگائی ہے۔ اگر اسی رقم سے پاکستان میں کوئی انٹر نیشنل لیول کا جونیئر ٹورنامنٹ منعقد کرواتے تو اس سے ہمیں ڈبل فائدہ ہوتا، ایک تو دنیا بھر کے انٹرنیشنل جونیئر پلیئرز اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیتے اور دوسرا ہمارے وہ متعدد جونیئر پلیئرز جو کہ اس ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں تھے وہ بھی اس ٹورنامنٹ سے کافی حد تک مستفید ہوتے اور ساتھ ہی سکواش میں ان جونیئر کھلاڑیوں کی لگن میں اضافہ ہوتا۔

مزیدخبریں