انتخابات میں کامیابی پر باکسر عامر خان اور کرکٹرز کی عمران کو مبارکباد

لاہور (سپورٹس رپورٹر) عمران خان کی ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر سابق اور موجودہ کرکٹرز نے سوشل میڈیا کے ذریعے مبارکباد کے ساتھ نیک خواہشات کے پیغامات جاری کیے ہیں۔ پاکستان ٹیم کے سابق کپتان و آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے ٹویٹر پیغام کے ذریعے عمران خان اور پی ٹی آئی کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو 22 سالہ جدوجہد کا صلہ مل گیا ہے۔ اب قوم کی آپ سے توقعات بڑھ گئی ہیں، امید کرتا ہوں فرنٹ لیڈ کرینگے۔ شاہد خان آفریدی نے اپنے پیغام میں مخالف سیاسی جماعتوں اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ نتائج کو تسلیم کریں اور نیا پاکستان بنانے میں عمران خان کی مدد کریں۔ سابق کپتان و فاسٹ باولر وسیم اکرم نے بھی عمران خان کو کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ جس کام کا عزم کر لیں انہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا ہے۔ سابق کپتان ایم حفیظ نے بھی سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے عمران خان کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ پاکستانی امپائر علیم ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے بھی کہا کہ وہ ایک کامیاب کپتان بھی رہے ہیں ان کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ سابق لیگ سپن باولر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ اب کامیاب سیاستدان بھی بن گئے ہیں جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کامیابی سے ثابت کیا ہے کہ اگر انسان کسی کام کرنے کا ارادہ کرتا ہے تو وہ کر سکتا ہے۔ لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا عاطف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کرکٹ کے بعد سیاست کے میدان میں بھی کامیابی ثابت کی ہے جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ڈائریکٹر اکیڈمیز پی سی بی مدثر نذر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے جس پر عمران خان اور ان کی جماعت مبارکباد کی مستحق ہے۔ سابق اولمپیئن نوید عالم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کامیابی کے ساتھ ملک میں تبدیلی آ گئی ہے۔ عمران خان کے وزیراعظم بننے سے سپورٹس میں بھی پاکستان ترقی کرے گا۔ عمران خان کی عام انتخابات میں بھاری اکثریت پر ویمن کھلاڑی بھی قومی ہیرو کو مبارکباد دینے میں پیچھے نہیں رہیں۔ سابق کپتان ثنا میر نے عمران خان کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آپ کی 22 سالہ جدوجہد کے بعد ملنے والی کامیابی پر آپ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ اﷲ آپ کی حفاظت کرے اور قوم کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں مدد کرے۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو مل کر بہتر بنائیں، عامر خان نے عمران خان کی جیت پر عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو مل کر بہتر بنائیں ۔عمران خان وزیراعظم بنتے ہیں تو وہ کسی بھی ملک میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے والے پہلے کرکٹر بن جائیں گے۔ سابق انڈین کرکٹر کپل دیو نے انڈین چینلز اے بی پی لائیوکے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ ملک کے مقابلے میں کھیل کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے 25 سال قبل ورلڈکپ جیتا تو وہ بہت پُرجوش تھے اور آج بھی وہ ایسے ہی ہیں‘ ان کا کہنا تھا کہ ’کرکٹ کے میدان میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتا اور پھر سپریم لیڈر بن جانے کا احساس بہت خوشگوار ہے۔ بہت سارے کھلاڑی سیاسی عہدوں پر رہے لیکن کوئی بھی اس مقام پر نہیں پہنچ سکا‘ سابق انڈین کرکٹر بشن سنگھ بید نے ٹویٹ کیا کہ ’عمران خان پاکستان کیلئے بہترین خبر ہیں‘ ’کوئی کرکٹر عمران جیسا محنتی نہیں ہے۔ امید کرتا ہوں کہ اسے سیاسی میدان میں بھی ایسا کرنے دیا جائے گا۔ مبارک ہو عمران خان‘ وقار یونس نے عمران خان کے حالیہ خطاب پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’عظیم رہنما کی خاص تقریر۔ بہت سادہ، ایماندار اور عملی.... ایسے استاد کے شاگرد ہونے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ مبارکباد کپتان‘ ویمن کرکٹ ٹیم کی رکن ارم جاوید کا کہنا تھا کہ ’نئے پاکستان پر سب کو مبارکباد‘

کرکٹرز/مبارکبادیں

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...