این اے 47 اورکزئی سے ہارنے والے 10امیدواروں کا نتائج ماننے سے انکار

ہنگو (نامہ نگار) قبائلی ضلع اورکزئی حلقہ این اے 47 سے ہارنے والے 10امیدواروں نے ریٹرننگ آفیسر کے دفتر سے جاری نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ سینیٹر اورنگزیب اورکزئی نے پولنگ باکس سیل اور بیلٹ پیپر بھی میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ ضلع اورکزئی ہیڈ کوارٹر بابر میلہ میں فاٹا پارلیمانی لیڈر سینیٹر اورنگزیب اورکزئی کی قیادت میں آزاد امیدواروں عبدالشاہد اورکزئی، سہراب خان، پی ٹی آئی ضلعی صدر گل محمد، جوہر عباس، راج محمد، شہید خان، ڈاکٹر گل کریم جبکہ سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں میں متحدہ قبائل پارٹی کے ملک حبیب نور جے یو آئی ف کے قاسم گل اورکزئی و دیگر نے کارکنان کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اورکزئی حلقہ این اے47میں الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہوا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جواد حسین کو جتوانے کے لئے سکیورٹی فورسز نے جانب داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نتائج کو جان بوجھ کر لیٹ کیا گیا الیکشن کے دوسرے روز صبح 11بجے نتیجہ سنایا گیا جو کہ کھلم کھلا دھاندلی ہے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر آف، چیف جسٹس، چیف آف آرمی سٹاف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوٹس لے کر اس حلقے میں ری الیکشن کروائے یہ انتخابی نتائج ہمیں قبول نہیں جبکہ ہم اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سپریم کورٹ آف پاکستان میں رٹ دائر کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن