انتخابات میں کامیابی پرعمران خان کوبھارتی شخصیات کی جانب سے مبارکباد

Jul 27, 2018 | 14:01

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو انتخابات 2018میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بھارتی شخصیات کی جانب سے بھی مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اپنی پرکشش شخصیت اورعمدہ کھیل کے باعث صرف پاکستان میں ہی نہیں پوری دنیا میں مشہور ہیں جبکہ بھارت میں تو بڑے بڑے فنکار اورکھلاڑی بھی ان کے پرستار ہیں جو ان کے جنون کی نہایت قدر کرتے ہیں۔عمران خان کے بھارتی مداحوں میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو اوراداکار رشی کپور شامل ہیں جنہوں نے عمران خان کے وزیراعظم بننے کی خبرسنتے ہی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں مبارکباد دی۔سابق بھارتی کپتان کپل دیو اورعمران خان ماضی میں کئی بارایک ساتھ کرکٹ کھیل چکے ہیں، کپل دیوعمران خان کوبہت اچھی طرح جانتے ہیں۔ گزشتہ روزایک ٹاک شو کے دوران جب کپل دیو سے عمران خان کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا وہ سب سے پہلے عمران خان کو پاکستان کا اگلا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ان میں جنون جب بھی تھا جب وہ کپتا ن تھے اور یہی جنون آج بھی ہے۔انہوں نے کہا اس سے بڑی بات کیا ہوگی کہ ایک کھلاڑی ملک کا وزیر اعظم بن جائے۔ شوکے دوران میزبان نے اپنی روایتی بھارتی سوچ کے مطابق کئی بارکپل دیوکو عمران خان کے متعلق منفی باتیں کرنے کے لیے اکسایا لیکن کپل دیو نے ہر بار صرف عمران خان کی تعریف کی اور میزبان کو یہ کہہ کر چپ کرادیا کہ میں بہت مثبت انسان ہوں جسے عمران خان کے بارے میں منفی بات کرنی ہے کرے، لیکن ہم نے انہیں بہت قریب سے دیکھا ہے وہ بہترین انسان ہیں۔کپل دیونے عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد امید کرتے ہوئے کہا کہ اب شاید پاک بھارت کھیل تنازعات حل ہوجائیں اورکرکٹ ایک بار پھر بحال ہوجائے۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا عمران خان میں وہ قابلیت ہے کہ وہ پاکستان کانام عالمی طور پر بہتر کریں گے اور اپنے ملک کو بہتری کی طرف لے کر جائیں گے۔

مزیدخبریں