کراچی (نوائے وقت نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا اور جی ڈی اے کے رہنما ذوالفقار مرزا کے بیٹے حسنین مرزا کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔ نیب کراچی کی جانب سے حسنین مرزا سمیت 16 ملزمان کے خلاف یہ ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔ نیب کراچی کے مطابق فہمیدہ و ذوالفقار مرزا کے صاحبزادے حسنین مرزا سمیت ان 16 افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے نہر خیام کی غیرقانونی الاٹمنٹ کی۔ دریں اثناء نیب نے سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قائد کے خلاف بھی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر دیا۔ ریفرنس میں عبدالغنی مجید کو بھی نامزد کیا گیا ہے نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں جمع کرائے گئے ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان نے ملی بھگت کرکے نہر خیام کے علاقے میں دو پلاٹ بنائے ان پلاٹوں کو مختلف لوگوں کو غیر قانونی طور پر الاٹ کیا گیا ملزمان کے اس عمل سے قومی خزانے کو تین ارب روپے کا نقصان ہوا۔