ترقی پورے پنجاب میں پھیلائیں گے ، ہرشہری کو حق ملے گا: عثمان بزدار

Jul 27, 2019

لاہور، قصور (نیوز رپورٹر، نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قصور میں تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کے 3 بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا اور 22 کروڑ روپے کے 2پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے قصور میں سیف سٹی پراجیکٹ، پنجاب پولیس کمانڈ کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سینٹر، کھڈیاں اور مصطفی آباد کیلئے ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس سینٹر کا افتتاح کیا اورکوٹ رادھا کشن میں تحصیل کمپلیکس اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹروں اور عملے کیلئے رہائش گاہوں کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ آج ہم نے عوام سے کئے گئے ایک اور وعدے کو پورا کر دیا ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ کی تکمیل سے قصور میں قیام امن میں مدد ملے گی۔ سیف سٹی منصوبے سے جرائم پیشہ عناصر کی بروقت نشاندہی اور گرفت ممکن ہو سکے گی۔ قصور شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت 450 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کیلئے 160کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی گئی ہے۔ قصور میں پی پی آئی سی تھری کا مقامی نظام لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کے مرکزی دفتر سے منسلک ہے اور ضرورت پڑنے پر لاہور میں بیٹھ کر قصور کے کسی حصے کو چیک کیا جا سکتا ہے اور کیمروں کا ریکارڈ بھی بیک اپ کے ذریعے محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ ماضی میں پسماندہ اور دور دراز علاقوں کو ترقی سے محروم رکھا گیا اور انہیں جدید دور کی سہولیات سے دور رکھا گیا۔ ہم ترقی کا سلسلہ لاہور سے باہر پورے پنجاب تک پھیلائیں گے۔ امن و امان ہر شہری کا حق ہے اور ہم پنجاب کے ہر شہری کو اس کا یہ حق دیں گے۔ سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے سلسلے کو بتدریج پنجاب کے تمام بڑے شہروں تک پھیلایا جائے گا۔ سابق دور حکومت میں صرف اعلانات کئے گئے جبکہ ہم نے عملی اقدامات کئے۔ پنجاب کے تمام ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز میں سیف سٹی سینٹرز قائم ہوں گے۔ پولیس کلچر میں تبدیلی کے تصور کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ لاہور کے تمام تھانوں میں کیمرے نصب ہو چکے ہیں۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت قصور میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے بورڈ کے اجلاس میں سیف سٹی اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ اور دیگر اہم امور پر غورکیا گیا۔ اجلاس میں سیف سٹی اتھارٹی کے سروسز ریگولیشن میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی، قصور میں یونیورسٹی بھی بنائی جائے گی۔ ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی یوم سیاہ کی کال بری طرح ناکام رہی اور عوام نے قومی وسائل لوٹنے والوں سے لاتعلقی کا اظہار کرکے انہیں آئینہ دکھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مسترد عناصر کو پھر مسترد کردیا۔ وزیراعلیٰ نے مومن پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پتوکی کے قریب گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دورہ قصور کے دوران مصطفی آباد میں صفائی کے ناقص انتظامات پر مصطفی آباد کارپوریشن کے چیف آفیسر وقاص کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ دورہ قصور کے دوران مصطفی آباد کی سڑکوں پر گندگی دیکھ کر سخت برہم ہوئے۔ مصطفی آباد کے ٹول پلازہ کی خستہ حالت پر وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے ایکسین کو وارننگ دی۔

مزیدخبریں