K-4 منصوبے کی تکمیل کیلئے وفاق ہر ممکن وسائل فراہم کریگی:جمال صدیقی

کراچی(نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سیکریٹری اطلاعات و رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے کراچی کو ایک سال میں پانی فراہم کرنے کے ایف ڈبلیو او کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے فور کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گا تاکہ کراچی کی عوام کو پانی کے عذاب سے نجات دلائی جاسکے مگر سندھ حکومت کو سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے اور سیاسی مصلحت سے بالاتر ہوکر قابل ٹیکنیکل افسران سے اس منصوبے کو جلد مکملکرنے کے لیے اپنا حصہ ملائے وہ گذشتہ روز سندھ اسمبلی میں اراکین اسمبلی ریاض حیدر ، شاہنواز جدون کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ کے فور کے ہائیڈرولک ڈیزائین کی منظوری کے ایک سال میں تکمیل اور 60ارب روپے کی بچت FWOکا بڑا کام ہے اور کے بجائے ایک کینال سے کراچی کو 650ایم جی ڈی پانی کی فراہمی کراچی کی عوام کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے جس پر FWOخراج تحسین کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عثمانی کمپنی کے ڈزائن کو درست قرار دیے جانے کے بعد اب سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کے پاس K4کی تکمیل کے لیے کوئی بہانہ نہیں بچا اب کراچی کی عوام کو وفاق کی مدد کے ساتھ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے سندھ حکومت قدم بڑھائے اور اس تاریخ ساز منصوبے کو مکمل کرے ۔ جمال صدیقی نے مطالبہ کیا کہ آرمی انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے انتہائی تجربہ کار انجینئر کو کے فور کا پی ڈی بنایا جائے تاکہ غیر تکنیکی افسران اور عملے سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکے اور پروجیکٹ جلد از جلد اپنے اختتام کو پہنچے اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی ریاض حیدر ، شاہنواز جدون نے کہا کہ کراچی کے نالے کچرے سے بھرے ہوئے ہیں سندھ حکومت اور کے ایم سی بارشوں سے پہلے نالوں کی صفائی ممکن بنائے تاکہ سڑکوں پر پانی جمع نہ ہوسکے ۔

ای پیپر دی نیشن