لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ائر مارشل نور خان نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں واپڈا، پولیس، پی آئی اے اور ریلویز کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ عبدالستار ایدھی ہاکی کلب سٹیڈیم کراچی میں کھیلی جا رہی چیمپیئن شپ کے چوتھے روز پہلا میچ پی آئی اے اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پی آئی اے ٹیم نے سندھ کو 2 کے مقابلے 7 گول سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں ریلویز نے بلوچستان کے خلاف چار کے مقابلے چھ گول سے کامیابی اپنے نام کی۔ تیسرا میچ پولیس اور گلگت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پولیس نے یکطرفہ مقابلے میں 20-2 سے کامیابی حاصل کی۔ چوتھے میچ میں واپڈا نے فاٹا کو 19-0 سے شکست دیکر اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا۔