پی ایس ایل فائیو کے بقایا میچز نہ ہونے کے امکانات بڑھ گئے

Jul 27, 2020

لاہور(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)فائیو کے بقایا میچز نہ ہونے کے امکانات بڑھگئے، غیرملکی کرکٹرز کی عدم دستیابی اور کورونا کے خاتمے کی غیریقینی صورتحال ،تربیتی کیمپ کیلئے بائیو سیکیور ماحول تشکیل دینے اور آمدن سے کئی گناہ زیادہ آخراجات کی وجہ سے پی ایس ایل5کے اختتام کا امکان بڑھ گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں برس پہلی بار مکمل لیگ پاکستان میں شیڈول کی گئی، مگر30میچز کے بعد ایونٹ کوکورونا وائرس کی وجہ سے روکنا پڑ گیا،آخری چند میچز خالی گراونڈز پر بھی کھیلے گئے۔ گذشتہ دنوں پی سی بی نے فرنچائزز سے رائے طلب کی تھی کہ بقیہ میچز کرائے جائیں یا پانچویں ایڈیشن کو یہیں ختم کر دیں۔4میچز سے بہت کم آمدنی کا امکان ظاہرکیا گیا تھا،ذرائع کے مطابق ایونٹ کا اختتام تقریباً یقینی ہے،بورڈ نے17 سے20 نومبر یا دسمبر کے اوائل کی 2 ممکنہ ونڈوز بتائی تھیں مگر اس دوران غیرملکی کرکٹرز کی دستیابی اور پاکستان میں کورونا کا خاتمہ یقینی نہیں ہے، پی سی بی تو تربیتی کیمپ کیلئے بھی بائیو سیکیور ماحول تشکیل نہیں دے سکا تھا۔چیئرمین احسان مانی فرنچائزز سے گذشتہ میٹنگ میں واضح کر چکے کہ یو اے ای میں مقابلے نہیں کرائے جائیں گے،براڈ کاسٹر سے معاہدہ بھی پاکستان میں میچز کا ہے، ایسے میں اب ایسا نہیں لگتا کہ میچز ہوں گے،ذرائع کے مطابق بورڈ حکام بھی جانتے ہیں کہ میچز کرانا ممکن نہیں، اعلان میں تاخیر کا سبب آئندہ ماہ اگلے ایڈیشن کی بینک گارنٹی لینا ہے۔حکام کو خدشہ ہے کہ نامکمل ایونٹ سے کہیں فرنچائز نقصان کا کہہ کرکسی ریلیف کا مطالبہ نہ کر دیں،اس لیے پہلے فیس لینے کا پلان بنایاگیا ہے،حتمی اعلان کے بعد اکاونٹس کو حتمی شکل دی جائے گی، پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیم کو چیمپئن قرار دینے یا بغیر فاتح کے اختتام کا فیصلہ ٹیموں کی مشاورت سے ہوگا۔

مزیدخبریں