گرفتاریاں بند نہ کیں تو سنگین نتائج ،طالبان کی دھمکی:مزید 37افغان اہلکار چھوڑ دیئے

Jul 27, 2020

کابل (انٹر نیشنل ڈیسک) طالبان نے بین الافغان مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کابل انتظامیہ کے مزید اہلکار رہا کردیئے۔ قطر میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے ٹویٹ میں بتایا کہ افغان فوج اور پولیس سے تعلق رکھنے والے مزید 37 اہلکاروں کو رہا کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ تخار سے 20 اور قندوز سے 17 قیدیوں کو رہا کیا جنہیں گھر جانے کے لیے سفری اخراجات بھی دیئے گئے۔ خیال رہے کہ گذشتہ دنوں افغان حکومت کی جانب سے بیان سامنے آیا تھا کہ ان کی جانب سے 4 ہزار سے زائد طالبان کو رہا کیا جاچکا ہے۔ تاہم طالبان کی جانب سے فراہم کی گئی فہرست کے 600 قیدیوں کو ان پر قائم جنگی نوعیت کے مقدمات کی وجہ سے رہا نہیں کیا جاسکتا۔ ادھر طالبان نے کہا کابل حکومت امن ڈیل کے تحت رہا کئے گئے قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر رہی ہے،الجزیرہ کے مطابق افگان حکومت نے الزام کو مسترد کر دیامترجمان طالبان سہیل شاہین نے کہا خفیہ ایجنسی این ڈی ایس نے رہا ہونے والے طالبان کے خلاف کارروائیاں کی ہیں یہ بند نہ ہوئیں تو افغان حکومت کو سنگین نتائج بھگتنے ہونگے۔

مزیدخبریں