اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا سے اموات میں 80 فیصد کمی آگئی جبکہ مثبت کیسز 23 فیصد سے کم ہوکر 6 فیصد پر آگئے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں بہت کمی آئی ہے جس پر اللہ کا بہت شکر ادا کرنا چاہیے، بعض لوگ بیماری میں کمی سے متعلق شکوک و شبہات کا شکار ہیں، لیکن اس کمی کا بین الاقوامی طور پر اعتراف کیا گیا ہے اور کسی کو شک و شبہ کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ اگر پہلے کرونا کے 100 میں سے 23 ٹیسٹ مثبت آتے تھے تو اب وہ 6 یا 7 پر آگئے ہیں جبکہ اموات میں 80 فیصد کمی ہوگئی ہے، پاکستان میں کرونا کی بیماری سے متعلق تمام ملکی و عالمی اندازے دھرے کے دھرے رہ گئے اور ہم نے ایک ماہ قبل ہی جون کے وسط میں وبا کا عروج دیکھ لیا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ملک کواب 2بڑے چیلنجز عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام درپیش ہیں، دیگر ممالک کے تجربے سے پتہ چلتا ہے کہ کرونا وبا میں کمی کے بعد دوبارہ اضافہ بھی ہوسکتا ہے، اس لیے آئندہ دنوں میں پاکستان میں بھی وبا میں دوبارہ اضافے کا قوی امکان ہے، لہذا عید پر میل ملاپ سے بیماری کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوتا ہے، لوگ انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ عید الفطر کے تجربے کی روشنی میں بہت زیادہ سوچ بچار اور علما سے مشاورت کے بعد عید الاضحیٰ کے لیے ایس او پیز بنائے ہیں اور قومی حکمت عملی بنائی گئی ہے، صدر مملکت عارف علوی خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں، اب 4 چیزوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، مویشیوں کی خرید و فروخت کیلیے شہر میں منڈی لگانے کی اجازت نہیں، شہری انفرادی کی بجائے اجتماعی قربانی کو ترجیح دیں، قربانی اور گوشت کی تقسیم کے وقت لوگوں کا جمگھٹا نہ لگائیں، عوام سے درخواست ہے کہ اسے عام عید نہ سمجھیں بلکہ مختلف سمجھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بچوں‘ بزرگوں اور بیمار افراد کو مویشی منڈی نہ لے کر جائیں۔ قربانی کے جانور کی آن لائن بکنگ کرائیں تا کہ مویشی منڈی نہ جانا پڑے۔ لوگ کوشش کریں کہ اس مرتبہ اجتماعی قربانی کریں۔ نماز کی ادائیگی کیلئے ایس او پیز پر عملدآمد کریں۔
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال خاصی بہتری کی جانب گامزن ہے، متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد میں سے 86 فیصد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ملک میں کرونا سے متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 3 ہے جن میں سے 5 ہزار 840 مریض انتقال کرچکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 37 ہزار 434 صحتیاب ہوئے۔ وائرس کے مزید 1219 مریض اور 22 اموات رپورٹ ہوئیں اس کے علاوہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 838 رپورٹ ہوئی۔ ملک میں بڑی تعداد میں لوگوں کے شفایاب ہونے سے مجموعی متاثرین میں سے تقریباً 86 فیصد لوگ صحتیاب ہوگئے اور فعال کیسز صرف 30 ہزار 729 رہ گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا ہے کہ سندھ میں مزید 713 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور 16 مریض انتقال کر گئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 311 تک پہنچ چکی ہے۔ وفات پانے والوں کی تعداد 2 ہزار 151 ہوچکی ہے۔ صرف کراچی میں 298 کیسز سامنے آئے، صوبے میں اس وقت 8 ہزار 634 مریض زیر علاج ہیں۔ خیبر پختونخوا میں بھی مزید 177 افراد اس سے متاثر ہوئے۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق مزید 2 مریضوں کے انتقال سے اموات کی تعداد 1178 ہوگئی ہے۔ متاثرین کی تعداد 3 ہزار 397 تک جا پہنچی ہے۔ بلوچستان میں گزشتہ دو روز کے دوران مزید 55 افراد کرونا سے متاثر ہوئے 24 جولائی کو 24 جبکہ 25 جولائی کو 28 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 578 تک جا پہنچی۔ اب تک 136 اموات ہوچکی ہیں۔ پنجاب میں کرونا وائرس سے مزید 210 افراد متاثر جبکہ 3 مریض انتقال کر گئے۔ مجموعی کیسز کی تعداد 91 ہزار 901 تک پہنچ گئی۔ 3 افراد انتقال کرگئے، تعداد 2116 تک جاپہنچی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس نے مزید 20 افراد متاثر ا اور ایک فرد کی ہلاکت ہوئی۔ مجموعی کیسز 14 ہزار 841 تک پہنچ گئے۔ اموات کی تعداد 163 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے کیسز 2 ہزار 23 ہوگئے۔ 24 گھنٹوں میں 11 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی۔گلگت بلتستان جو اس وقت سب سے کم متاثرہ علاقہ ہے وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 10 افراد میں کروناکی تشخیص ہوئی۔ مجموعی کیسز ایک ہزار 952 تک جاپہنچے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 838 مریض شفایاب ہوئے۔جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر وائرس سے شفاپانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 434 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 254 کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کل 18 لاکھ 68 ہزار 180 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا میں 6لاکھ 48ہزار 445اموات ہوچکی ہیں اور ایک کروڑ 62لاکھ 2ہزار 385افراد متاثر ہوئے جبکہ 99لاکھ 13ہزار 232مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ امریکہ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 43لاکھ 15ہزار 709ہوگئی ہے اور اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 49ہزار 398تک پہنچ چکی ہے۔ برازیل میں 23لاکھ 96ہزار سے زائد افراد کرونا سے متاثر ہیں اور 86ہزار 496اموات ہوئی ہیں۔ بھارت کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں مریضوں کی تعداد 13لاکھ 85ہزار سے زائد ہے اور 32ہزار 96افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔روس میں کرونا سے 8 لاکھ 6 ہزار 720 افراد متاثر ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 192 ہو گئی ۔جنوبی افریقہ میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 6 سو سے بڑھ گئی ہے جبکہ 4 لاکھ 34 ہزار 200 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ پیرو میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہزار 30 ہو گئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار سے زائد ہے۔