ووہان لیب آپریشن: خبر جعلی، پاکستان: تعلقات خراب کرنے کی کوشش،چین

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے چین کی ووہان لیب کے پاکستان میں خفیہ کارروائیوں کے بارے میں خبر کو جعلی قرار دے دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ووہان لیبارٹری کے پاکستان میں مبینہ خفیہ آپریشنز کے بارے میں خبر جعلی اور سیاسی مفادات کے زیراثر ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے چین کی ووہان لیبارٹری کے پاکستان میں مبینہ خفیہ آپریشنز کے بارے میں خبر سے متعلق میڈیا کے سوالات پر بیان میں کہا ہے کہ یہ جعلی خبر سیاسی وجوہات کے زیراثر جاری کی گئی ہے جس میں حقائق توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے علاوہ نامعلوم خفیہ ذرائع کو استعمال کرکے من گھڑت رنگ دیا گیا ہے۔ پاکستان کی بائیو سیفٹی لیول تھری (بی۔ایس۔ایل۔تھری) لیبارٹری کے بارے میں کچھ بھی خفیہ نہیں جیسا کہ اس خبر میں حوالہ دیا گیا۔ پاکستان اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت اس سے متعلق تمام معلومات حیاتیاتی اور زہریلے ہتھیاروں کے کنونشن (بی۔ٹی۔ڈبلیو۔سی) کے تحت فراہم کرتا رہا ہے۔ اس ادارے کا مقصد تحقیق وترقی سے حفاظتی نظام اور تشخیص میں بہتری ہے تاکہ سامنے آنے والے صحت کے خطرات، نگرانی اور وبائی امراض کے پھیلائو کی جانچ ممکن ہوسکے۔ پاکستان ’بی۔ٹی۔ڈبلیو۔سی‘ کے تحت ذمہ داریوں پر سختی سے کاربند ہے اور کنونشن کی توثیق کنندہ ریاستوں کی طرف سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے طریقہ کار کی سخت پڑتال کا ہمیشہ سے پرزور حامی رہا ہے۔ اس ادارے کے بارے میں بہتان تراشی مضحکہ خیز اور بالخصوص کرونا وبا کے تناظر میں افسوسناک ہے جس نے امراض کی نگرانی، کنٹرول، بہتر تیاری اور عالمی اشتراک عمل کی اہمیت بڑھادی ہے جو ’بی۔ٹی۔ڈبلیو۔سی‘ کے آرٹیکل دس کے مطابق ہے۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چین کی ووہان لیب میں پاکستان کے مبینہ خفیہ آپریشن سے متعلق خبر کے حوالے سے چینی سفارتخانے نے کہا ہے کہ پاک چین حیاتیاتی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق خبر انتہائی گمراہ کن ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین حیاتیاتی ہتھیاروں پر کوئی تحقیق نہیں ہو رہی۔ چین من گھڑت‘ جھوٹی‘ غیر ذمہ دارانہ خبر کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ بے بنیاد خبر پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کیلئے گھڑی گئی۔ چین بحیثیت ذمہ دار قوم حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشن کا سختی سے پابند ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...