لاہور(کامرس رپورٹر ) چیئرمین ریو نیو ایڈ وائزرز ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ حکومت کی مبہم پالیسیوں اور اداروں کے خوف کی وجہ سے درمیانے چھوٹے کاروبار میں پرچی پر ادائیگیاں ہو رہی ہیں جس سے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے ،حکومت کو اپنا اعتماد بحال کرنے کیلئے ان ڈائریکٹ ٹیکسز کی تعداد کو کم کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے ٹیکس ماہرین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ ملک کی اقتصادیات وزارت خزانہ کے ماہرین یا ایف بی آر کے افسران نہیں چلاتے بلکہ اس کے اصل سرخیل وہ 9 کروڑ صنعتی، کاروباری، تنخواہ دار اور مزدور ہیں جو ہر روز اپنے روزگار کی تلاش میں نکلتے ہیں اور اپنے خاندان کے لئے رزق کماتے ہوئے ملک کی معیشت کی گاڑی کو بھی دھکا لگا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قومی اور صوبائی ٹیکس نظام میں بہتری کی بے تحاشا گنجائش موجود ہے جس کے لئے اصلاحات کی کڑوی گولی نگلنا ہو گی ٹیکس میں کم وصولی کی اصل وجہ ٹیکس پالیسی میں موجود سقم، ٹیکس متعین اور وصول کرنے کے نظام میں خامیاں اور ٹیکس کارندوں کی تعداد، استعداد اور وسائل کی کمی ہے۔
مبہم حکومتی پالیسیوں سے کاروباری ادائیگیاں پرچی پر ہورہی ہیں:عامر قدیر
Jul 27, 2020