اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ ملکی مسائل علماء سے رہنمائی لینے سے حل ہو جائیں گے۔ پشاور میں منعقد امت اتحاد کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سمیت دیگر مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نورالحق قادری نے کہا کہ علماء اور حکمران اگر اصلاح کی کوشش کریں تو سب ٹھیک ہو سکتا ہے اور اگر علماء کی رہنمائی کے لیے پالیسیاں بنائی جائیں تو نتائج بہتر ہو سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 40 سال سے ملک کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی، لسانیت کے نام پر قوم کو آپس میں لڑانے کی کوششیں کی گئیں تاہم علماء سے رہنمائی لینے سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے علماء نے کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کر کے نمایاں کردار ادا کیا۔ دوسری جانب روح اللہ مدنی نے کہا کہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے جب کہ عابد حسین شاکری کا کہنا تھا کہ افہام و تفہیم کے ذریعے تمام مسائل کو حل کیا جائے۔