ننکانہ صاحب، حافظ آباد، وزیر آباد (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) شہر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی بندش اور کم پریشر کا مسئلہ بدستور جاری، لوگوں کو گھروں میں کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب شہر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی مکمل بندش اور کم پریشر نے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا کر رکھ دی ہیں، سارا سارا دن گھروں میں سوئی گیس نہ آنے کے باعث لوگ مجبورا لکڑیاں جلانے اور مہنگے داموں ایل پی جی گیس استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ محلہ عثمانی کھوہ، بند گلی چوہدری عبدالغنی والی ، مندر والی گلی، محلہ بالیلا، گلی جوئیہ والی، حیدری چوک، مدینہ مسجد روڈ، محلہ شاہی المعروف جامع مسجد بگے والی سمیت دیگر محلوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ لائنیں انتہائی بوسیدہ اور پرانی ہوچکی ہیں جو جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہیں جس کے باعث گھروں میں سوئی گیس کی بجائے گٹروں کا گندہ پانی آتا ہے۔ دوسری طرف وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے معمولات زندگی اور مقامی صنعت پر بری طرح اثرانداز ہونا شروع کر دیا۔ مہنگائی کے مارے صارفین کو عیدالاضحیٰ سے قبل ہی قربانی کا بکرا بنانے کے لئے اووربلنگ اور ناجائز ڈی ٹیکشن کی رسی ڈال دی گئی۔ کوئی شنوائی نہ ہونے شہری حلقے سراپا احتجاج بن گئے۔ گیپگو وزیر آباد میں لوڈشیڈنگ کے معاملات حکومتی دعوؤں کی نفی کرتے نظر آتے ہیں۔ دیہی اور شہری علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں حافظ آباد شہر اور اسکے گردونواح میں گیپکو کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔ گذشتہ روز دن اوررات کے دوران بار بار بجلی کی بندش نے شہریوں کو نڈھال کرکے رکھ دیا جس سے شہری گیپکو کے افسران کے ساتھ ساتھ موجودہ حکمرانوں کو بھی کوستے رہے۔ جبکہ اکثر ٹرانسفارمرز اوورلوڈ ہونے کی بناء پر آئے روز جل رہے ہیں جس کی وجہ سے لوڈ کو کم کرنے کے لئے بجلی کی بار بار بندش معمول بن چکی ہے۔