رافیل طیاروں کے بعد بھارت نے ہنگامی طور پر فرانس سے 100 ہمپر میزائل خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 36 رافیل طیارے جن کی مالیت 60 ہزار کروڑ روپے ہے میں سے 5 جنگی طیاروں کی پہلی کھیپ 29 جولائی کو ہریانہ میں واقع فضائیہ کے انبالہ ہوائی اڈے پر پہنچنے کا امکان ہے۔ میزائل تیار کرنے والی کمپنی سافران الیکٹرونکس ڈیفنس کے مطابق ہمپر میزائل دشوار گزار اور پہاڑی علاقوں میں قائم تنصیبات وبنکرز کو آسانی سے تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجوں کی ظالمانہ کارروائیوں ، تاریخ کے بدترین اور طویل ترین لاک ڈائون ، بھارت کے اندر اقلیتوں پر مظالم ، ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ امن دشمن رویہ اور چین ، نیپال اور بنگلہ دیش کے ساتھ بھارتی سرحدوں تنازعات نے جنوبی ایشیاء کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے ، پوری دنیا بھارتی جنگی جنون سے بخوبی آگاہ ہے، بھارتی حکومت اپنی رعایا کی خبرگیری کی بجائے تمام مالی وسائل جدید ترین اور مہلک ہتھیاروں کے حصول میں جھونک رہی ہے رافیل طیاروں کی خریداری اور ہمپر میزائلوں کے حصول کا معاہدہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے لہٰذا پوری دنیا کو بھارت کے اس جنگی جنون کا نوٹس لینا چاہئے۔ بھارت جدید ترین اور مہلک اسلحہ تو عرصہ دراز سے خرید رہا تھا ، اس میں نیوکلیئر سول ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔ آج وہ افراتفری میں اس کو جہاں سے بھی اسلحہ مل رہا ہے خرید رہا ہے۔ اس کی وجہ چین کی طرف سے اپنے علاقوں پر تسلط حاصل کرنا ہے بھارت پاکستان اور چین کو جارحیت کی دھمکیاں دیتا آرہا ہے۔ ایک آرمی چیف نے تو 96 گھنٹے میں بیجنگ اور اسلام آباد پر قبضے کی بڑ بھی ماری تھی۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اور چین مل کر بھارت کو منہ توڑ جواب دیں۔