کراچی : سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کراچی میں بارش کے بعد کی صورتحال پرسابق کپتان وسیم اکرم کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ، فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے شہر میں بارش کے بعد کراچی کی صورتحال پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نکاسی آب ایک ایسا مسئلہ ہے جس پر فوری طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے بارش کے بعد کراچی شہر کی حالت زار پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش میں ڈوبے کراچی کی ویڈیوز اور متاثرین کی بے چارگی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ شہر کو ایک بار پھر ڈوبتے دیکھنے پر انہیں کوئی حیرت نہیں ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا بارش میں ڈوبے کراچی کی یہ حالت ہمیں نیند سے اٹھانے کی گھنٹی ہے؟ کراچی میں نکاسی آب کا مسئلہ حل طلب ہے۔ ہمیں اپنے خوبصورت شہر کو دوبارہ ٹھیک کرنا ہوگا۔
سابق کپتان کی ٹویٹ پر وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنے پڑوسی وسیم اکرم کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ کراچی کی سڑکوں کا جائزہ لیں اور دیکھیں کس طرح پانی نکالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم اگر آپ مخلص ہیں تو شہر کا دورہ ضرور کریں گے اور اگر آپ نے سنی سنائی باتوں پر بیان دیا ہے تو آپ سے زیادہ غیر ذمہ دار کوئی نہیں ہے۔ ناصر حسین نے مزید کہا کہ وسیم اکرم کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے عوام کو مایوس کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد شاہراہوں پر پانی جمع ہو نے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر میں بارش اور گٹروں سے متعلق کئی ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں ۔