پنجاب میں آج رات سے لاک ڈاؤن، 9روز مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ

Jul 27, 2020 | 14:32

ویب ڈیسک

لاہور:حکومت پنجاب میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عید الاضحیٰ کے موقع پر9 دن کیلئے مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اطلاق آج رات12 بجےسے ہوگا۔

پنجاب میں آج رات 12 بجے سے سخت لاک ڈاؤن کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا، لاک ڈاؤن کے دوران تمام تعلیمی ادارے ، میرج ہالز ، شاپنگ مالز ، ایکسپو ہالز ، ریسٹورنٹس ، پبلک پارکس ، پے ایریاز، بیوٹی پارلرز ، سینما ہالز ، تھیٹرز بند رہیں گے.

وزیرقانون پنجاب کی زیرصدارت انسداد کورونا سب کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔جس میں عید پر اسمارٹ لاک ڈاوَن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

فیصلے کے مطابق پنجاب بھر میں عید پر غیر ضروری مارکٹوں کو بند کردیا جائےگا۔ کورونا پھیلاوَ روکنے کے لیے 9 روز تک مارکیٹس بند رہیں گی۔

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ لاہور میں سخت لاک ڈاؤن کیاجائے گا اور عید قربان پر ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے گا۔

پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کےمطابق صوبے میں کورونا کے 172نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مجموعی تعداد 92ہزار73ہوگئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت کے دور اندیش اقدامات کے باعث کورونا کا پھیلاؤ کم ہوا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کے دور اندیش اقدامات کے باعث کورونا کا پھیلاؤ کم ہوا ہے۔ عید الاضحیٰ پر بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہو گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور کورونا کے تناظر میں ایس او پیز کی مسلسل پابندی کریں۔

عید الفطر پر عوام نے لاک ڈاؤن پر پوری طرح عمل نہیں کیا تھا جس کے باعث کورونا کیسز میں اضافہ ہوا۔ عیدالاضحیٰ کےموقع پر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کافی حد تک کم ہوگئی ہے اور حکومت نہیں چاہتی کہ اس میں مزید اضافہ ہو۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اور قومی ادارہ برائے صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عید الاضحیٰ پر اگر عوام نے ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک بار پھر بڑھ سکتی ہے جس پر قابو پانے میں کم سے کم دو ماہ لگ سکتے ہیں۔

مزیدخبریں