کلام الملوک ملوک الکلام

’’کلام الملوک ملوک الکلام ‘‘ڈاکٹر عبدالستار خان کی تالیف ہے،صاحب کتاب پیشہ طب سے منسلک ہیں اور شعبہ ذہنی و دماغی امراض برائے بچگان و خاندان کے معالج اور میوہسپتال میں ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ لگتا ہے زیرتبصرہ کتاب بھی انہوں نے قاری کی ذہنی و دماغی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی مرتب کی ہے۔ انسان کی رہنمائی کیلئے کتاب میں آیات مبارکہ، احادیث مبارکہ بھی جمع کی گئی ہیں، مسنون دعائیں بھی ہیں، کتاب میں صحابہ کرامؓ ، تابعین،آئمہ کرام کے فرامین معروف مذہبی، سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات کے اقوال نقل کئے گئے ہیں۔ حکماء اور فلسفیوں کی نصیحتیں بھی درج ہیں، مختلف زبان و ادب سے منتخب اقوال،محاورے اور ضرب الامثال کو اردو کے قالب میں ڈھال کر کتاب کی زینت بنایا گیا ہے۔ اردو کے قدیم و جدید شعراء کے کلام سے منتخب  اشعار بھی نقل کئے گئے ہیں۔ ایک ہی وقت میں کتاب قاری کو مختلف انواع و اقسام کی معلومات فراہم کرتی ہے۔ بعض عناوین کے اعتبار سے کتاب ایک انسائیکلوپیڈیا ہے 328 صفحات کی کتاب رنگین اور عمدہ سرورق کے ساتھ تسکین ذوق پبلشرز152 ایچ ٹو ماڈل ٹائون لاہور سے شائع ہوئی قیمت 800 روپے درج ہے کتاب سنگ میل پبلی کیشنز لوئر مال لاہور سبزہ زار 334 سی فون 0300-8188234-4193804 سے بھی منگوائی جاسکتی ہے۔(تبصرہ: ڈاکٹر شاہ نواز تارڑ)

ای پیپر دی نیشن