عوام نے موروثی سیاست کے سپوتوں کو اوقات یاد دلا دی،فیاض الحسن چوہان

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے آزاد جموں کشمیر انتخابات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیر انتخابات کے نتائج نے اپوزیشن کی مقبولیت کے تابوت میں ایک اور کیل ٹھونک دیا۔ عوام نے موروثی سیاست کے سپوتوں کو ایک بار پھر انکی اوقات یاد دلا دی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عشروں سے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے والے بتدریج اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیںاپوزیشن نے دھونس اور دھاندلی سے الیکشن متنازعہ بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی تھی لیکن شریف اور زرداری خاندان کا کچا چٹھہ عوام نے بارہا کھول کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ آل شریف اور آل زرداری اپنے سیاسی گناہوں پر عوام سے معافی مانگیں، لیکن یہ عقل سے عاری سیاست دان ایک بار پھر ''چور مچائے شور'' کے فارمولے پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ اپوزیشن آئندہ انتخابات کے پانچ سال بھی ایسے ہی رونے روتی رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن