کراچی (وقائع نگار) اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی عوام نے بھی کرپٹ سیاستدانوں کو مسترد کر دیا ہے، پاکستان اور خصوصی طور کشمیر کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں25 جولائی 2018 کو پاکستان میں تبدیلی آئی، اور آج 25 جولائی 2021 کو کشمیر میں بھی تبدیلی آگئی، گلگت بلتستان میں بھی تحریک انصاف کی حکومت موجود ہے۔ اب اگلی حکومت ہماری سندھ میں بنے گی، سندھ کی عوام کو اس کرپٹ سسٹم سے جلد جان جھڑوائیں گے، جن لوگوں نے کشمیر کا مقدمہ نہیں لڑا انہیں کشمیر کی عوام نے مسترد کردیا، کشمیر کی عوام نے وزیراعظم عمران خان کو ووٹ دیا، دو جماعتیں اپنے اپنے صوبوں سے لوٹی ہوئی دولت سے جلسے کررہے تھے۔ نوابشاہ سے ایک لیڈر بھی سندھ کا پیسہ لیکر یہاں پہنچا ہوا تھا، سندھ کے کتوں کی ویکسین کے پیسے جھنڈوں میں لگادیئے گئے، ایک ایک امیدوار کو پانچ پانچ کروڑ دیئے گئے، سندھ کی دوائیوں، کتابوں، اسپتالوں، اسکولوں کا پیسہ کشمیر الیکشن میں لگایا گیا، پی پی نے جو سیٹیں حاصل کی ہیں وہ پیسوں پر کی گئی، بڑی بڑی گاڑیاں اعلیٰ قسم کے جھنڈے کہاں سے پیسے آئے؟عمران خان کشمیر میں سادہ اکثریت حاصل کرچکے ہیں، عمران خان کی وجہ سے کشمیر میں تبدیلی کی لہر آچکی ہے۔ انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں جموں کشمیر بھی آزاد ہوگا۔
سندھ میں بھی حکومت بناکر عوام کو کرپٹ سسٹم سے نجات دلوائینگے ، اپوزیشن لیڈر
Jul 27, 2021