کابل (نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا) امریکی جنرل کینتھ میکنزی نے طالبان کو سیاسی مصالحت کا پیغام دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر طالبان کی پیشقدمی نہ رکی تو بمباری بھی جاری رہے گی۔ سینٹ کام کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی نے کابل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ افغان فورسز کی بھرپور مدد کر رہا ہے۔ طالبان کو سیاسی مصالحت کا پیغام دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر طالبان کی پیشقدمی جاری رہیں تو اکتیس اگست کے بعد بھی بمباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ صوبہ پکتیا کے ضلع سمکنی میں متعدد فوجی و پولیس اہلکاروں نے افغان حکومت کو استعفے دیکر طالبان میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ طالبان نے انکو خوش آمدید کہا ہے۔ ترجمان وزارت دفاع نے پیر کے روز ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کنڑ، قندھار، ہرات، فراہ، فریاب، سمنگان، ہلمند، نیمروز، تخار، قندوز اور کاپیسا صوبوں میں جھڑپوں کے دوران 89 عسکریت پسند ہلاک اور 82 زخمی ہو گئے ہیں۔ سڑک کنارے نصب کیے گئے 13 بم بھی تلاش کر کے ناکارہ بنا دیئے ہیں۔