اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں بھی حکومت بنانے جا رہی ہے۔ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا پاکستان میںکوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔ افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب کا کام 14 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔ پاک فوج کی عظیم قربانیوں کے باعث اب پاکستان ایک محفوظ اور پر امن ملک کے طور پر موجود ہے۔ نور مقدم کیس میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ویزا کے بغیر سالوں سے مقیم غیرملکی 14 اگست تک پاکستان چھوڑ دیں یا ویزا کے لئے اپلائی کر دیں۔ نادرا میں تصدیق، تجدید اور تصحیح کی نئی پالیسی لا رہے ہیں۔ افغان فوجیوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ افغانستان کے حوالے کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پوری کوشش ہو گی کہ سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنائیں۔ آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رینجرز اور ایف سی کو کہیں استعمال نہیں کیا۔ پنجاب پولیس نے زبردست کام کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کا اینٹی آرمی، اینٹی اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی عمران خان کا ایک ہی ایجنڈا ہے۔ وہ اس ایجنڈے پر کسی بھی انتہا تک جانے کو تیار ہیں۔ وہ حمد اللہ محب سے مل سکتے ہیں، وہ مودی اور جندال کے ساتھ پگڑیاں بدل سکتے ہیں۔ نواز شریف کی کوشش ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان پھنسا رہے کیونکہ انہیں اس بات کی تکلیف ہے کہ عمران خان معیشت کو بہتر کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف نے کل آخری پیغام دیا کہ وہ بڑی تکلیف میں ہیں۔ ہم ان کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں، شہباز شریف نے تو درخواست نہیں دی، اگر وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں تو فی الفور ان کو چارٹر جہاز بھی دیا جا سکتا ہے۔ وہ پاکستان آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں لیکن وہاں سے کمپنی کی مشہوری کے لئے اینٹی سٹیٹ، اینٹی فوج اور اینٹی عمران خان تقریریں نہ کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے پہلے آپ کو کہا تھا کہ (ن) لیگ والے یہ الیکشن ہارنے کے بعد یہ کہیں گے۔ 2023 میں بھی یہی کہیں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ اپنی سیاست سے اپنی غیر پارلیمانی اور غیر ذمہ دارانہ زبان کو نہیں نکالیں گے تب تک پاکستان میں ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ ایم این ایز اور وزرا ء نے جو 840 بلاک شناختی کارڈز ریلیز کرائے ان سب کو مسترد کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان 14 اگست سے قبل نادرا کے حوالے سے نئی پالیسی کا اعلان کریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت اور اسرائیل نے ہائبرڈ وار شروع کی ہوئی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ہمارا ڈیٹا چوری کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ نادرا کو بدنام کرنے کے لئے ایک انٹرنیشنل سوشل میڈیا کا استعمال ہو رہا ہے۔ نور مقدم کیس میں ملوث ملزمان کو بلیک لسٹ پر ڈال دیا ہے۔ ای سی ایل میں نام ڈالنے کے لئے اس ہفتہ کابینہ کے اجلاس میں ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔14 اگست کے بعد میں منشیات کے خلاف جہاد کرنے جا رہا ہوں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف ساری زندگی لگے رہیں اقتدار کا منہ نہیں دیکھ سکتے۔ نواز شریف فوجی نرسریوں سے نکلا اور اسی فوج کیخلاف بدزبانی کرتا ہے۔ انہیں جنرل جیلانی سے پہلے کوئی نہیں جانتا تھا۔