کرونا: 32اموات ، شرح 7.5فیصد، خطرہ بڑھ گیا، عوام منجیدہ ہو جائیں: صدر علوی

Jul 27, 2021

اسلام آباد، لاہور ( نامہ نگار+  سٹی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ +آئی این پی) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید32 افراد جاں بحق، اموات 23 ہزار48 ہوگئیں۔ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 8 ہزار 446 ہوگئی۔ 3752 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ 2677  مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک میں کرونا کے پھیلائو میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا اور کیسز مثبت آنے کی شرح 7.51 سے زائد ہو گئی۔ دنیا بھرمیں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 19 کروڑ 41 لاکھ 23 ہزار 828 ہوگئی۔ صدر مملکت عارف علوی نے کرونا کیسز میں اچانک اضافے پر خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے شہریوں کو سنجیدہ ہونے پر زور دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عید کے بعد کیسز میں تیزی آگئی ہے۔ میں اس کی توقع کر رہا تھا اور اس کے بارے میں خبردار کر رہا تھا کیونکہ میں نے گلیوں، بازاروں، شادی ہالز اور مساجد میں لوگوں کو غفلت برتتے ہوئے دیکھا ہے۔ صدر مملکت نے عوام سے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے ویکسین لگوائیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بہتری کی طرف حالیہ فوائد کو قربان نہ ہونے دیں۔ آپ ایک ابھرتی ہوئی قوم ہیں لہذا اہم امتحان یہ ہے کہ اس موقع پر اٹھ کھڑے ہوں۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کی امریکی موڈرنا ویکسین کی 30 لاکھ اور کنسائنو ویکسین کی 2 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ کوویکس نے پاکستان کو موڈرنا کرونا ویکسین بطور امداد دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور نے کرونا ویکسینیشن گھر گھر جا کر لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ٹیمیں پولیو مہم کی طرز پر گھر گھر جا کر روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 65 ہزار شہریوں کو ویکسینیشن کرنا ٹارگٹ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسینیشن لگانا ہدف ہے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ 40 فیصد ویکسینیشن ہدف کو حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہری کرونا ویکسینیشن ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور کرونا ویکسین لازمی لگوائیں۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ کرونا ویکسین لگوانے سے ہی کرونا سے بچاؤ ممکن ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کراچی میں 24.82 فیصد‘ مظفر آباد 19.76 فیصد‘ راولپنڈی 18.59 فیصد‘ اسکردو 14.66 فیصد‘ پشاور 12.41 فیصد‘ اسلام آباد میں 10.95 فیصد این سی او سی کے ڈیٹا سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ اسلام آباد میں 38 فیصد وینٹی لیٹر زیر استعمال ہیں۔ 

مزیدخبریں