لاہور(نامہ نگار)سابق وفاقی وزیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج پر پیپلز پارٹی تنظیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر پی پی پی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر صاحب کی قیادت میں ہم نے ریاستی مشینری اور غیر جمہور ی طاقتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ،کشمیریوں نے عمران خان کی مہنگائی ،بے روزگاری ،بد حالی کے بیانیہ کو مسترد کر دیا ہے۔ازاد کشمیر اسمبلی کے غیر حتمی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بدقسمتی سے وطن عزیزمیں 73برسو ں سے عوام کو آزادانہ رائی دہی کے حق سے ہمیشہ محروم رکھا جاتا رہا ہے جس کا ثبوت آزاد کشمیر اسمبلی کے الیکشن میں اچانک رزلٹ روک کر سلیکشن کی گئی،پاکستان کے جیالوں کو آزاد کشمیر کی غیور عوام نے واضح پیغام دیا ہے کہ اب تیاری کر لو آنے والا وقت بلاول بھٹو زرداری کا ہے۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اس وقت ملک میں مہنگائی ،لاقانونیت اور کٹھ پتلی حکومت کاڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں،آزاد کشمیر الیکشن کمشن بھی حکومتی مشینری کے سامنے بے بس دکھائی دیا ہے۔کمشن کو وفاقی وزراء کی الیکشن قوا نین کے خلاف ورزی پہ ایکشن لینا پڑے گا ۔
آزاد کشمیر میں ریاستی مشینری اور غیر جمہور ی طاقتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا :قمرزمان کائرہ
Jul 27, 2021