لاہور(خصوصی نامہ نگار )ادارہ منہاج الحسین اور تحریک حسینیہ پاکستان کے زیراہتمام ہونیوالی ساتویں سالانہ’’حسینیہ اتحاد امت کانفرنس‘‘میں کہاگیا ہے کہ بانیان مجالس ، عزادار مجالس اور جلوسوں کے تمام پروگرامز میں حکومت کے طے شدہ ضابطہ اخلاق اور پیغام پاکستان کے اصولوں کی پابندی کریں اور ایک دوسرے کے جذبات مجروح کرنے سے گریز کریں۔ اپنے عقیدے کو مثبت انداز میں پیش کریں، مناظرہ، مشاجرہ اور مطاعن بیان کرنے سے اجتناب کیا جائے۔ کانفرنس کی صدارت تحریک حسینیہ پاکستان پاکستان کے سربراہ اور رکن اسلامی نظریاتی کونسل اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کی، جبکہ علامہ سید افتخار حسین نقوی، پیر یاور عباس بخاری، صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن اور رانا مقبول احمد سمیت دیگر رہنماوں، علماء و مشائخ ، ذاکرین، واعظین، خطباء ، بانیان مجالس اور عزاداروں نے شرکت و خطاب کیا۔ مقررین نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام سے قبل شرپسند عناصر فرقہ واریت کو ہوا دیتے ہیں۔ امت کو وحدت و بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اتحاد کی قوت سے ہی امن دشمنوں کو شکست دی جا سکتی ہے۔علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کریں۔