درگاہ قلندرؒ کورونا کی لہر کے باعث چوتھی باربند

Jul 27, 2021

کوٹری/سہون(نامہ نگاران)درگاہ لعل شہباز قلندر کو کرونا وائرس کے سبب چوتھی بار سیل کر دیا گیا۔  محکمہ اوقاف نے سہون میں درگاہ لعل شہباز قلندر کو مکمل بند کردیا ہے جس پر ملک بھر سے آنے والے زائرین اور مقامی تاجروں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ درگاہ سے متصل دوکانیں زائرین کی آمدورفت کی وجہ سے کاروبار کرتی ہیں درگاہ مسلسل بند ہونے سے وہ شدید معاشی پریشانی کا شکار بن چکے ہیں اور دوکانوں کا کرایہ تک ادا کرنے سے قاصر ہیں۔دوسری جانب پاکستان سنی تحریک سندھ کے صدر غلام نور احمد قاسمی۔اہلسنت اتحاد پاکستان کے چیئرمین سید اعجاز شاہ بخاری‘عبدالسمیع اوٹھو‘عبدالغفار قادری ودیگر نے سہون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے درگاہوں کی بندش کی بھر پور مذمت کی۔رہنماؤں نے کہا کہ سندھ حکومت کاروباری مراکز کی طرح درگاہوں کو مخصوص اوقات میں ایس او پیز کے تحت کھولے تاکہ اولیاء  اللہ کے عقیدت مند اپنی عقیدت کا اظہار سے محروم نہ ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ کرونا وبا سے بچنے کیلئے حکومتی اقدامات پر عمل کرنے کو تیار ہیں۔ سندھ حکومت اپنے کرونا وبا سے متعلق اجلاس میں وزراؤں کے ساتھ مذہبی رہنماؤں کو بھی شرکت یقینی بناتے ہوئے انکی تجاویز پر احکامات جاری کیئے جائیں بصورت دیگر بھر پور احتجاج کیا جائیگا۔

مزیدخبریں