سعودی عرب کے وزیر خارجہ جناب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی وزارتِ خارجہ آمد۔
سعودی حکومت کا اعلیٰ سطحی وفد بھی ان کے ہمراہ ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کا خیر مقدم کیا.
ابھی کچھ ہی دیر میں وزارتِ خارجہ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات ہو گی۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ملاقات کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے مابین، وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ ان مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کے علاوہ اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔
سعودی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران اعلیٰ حکومتی شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کا یہ دورہ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دعوت پر ہو رہا ہے.
وزیر اعظم عمران خان کے مئی 2021 میں سعودی عرب کے دورے کے تناظر میں سعودی وزیر خارجہ کا یہ دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ جس سے دونوں ممالک کی قیادت کی بصیرت کی روشنی میں دوطرفہ تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لینے کا موقع میسر آئے گا۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے دورے سے اعلی سطحی روابط میں جاری مثبت رفتار کو مزید تقویت ملے گی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید گہرا ہوگا۔