آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے جنوبی افریقہ کے مسلح افواج کے سربراہ جنرل ردزنی مپوانیا نے الگ الگ ملاقات کی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اورخطے کی سیکورٹی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں دفاعی اورسیکورٹی شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ جنوبی افریقہ براعظم افریقہ کا ایک اہم ملک ہے جبکہ جنرل ردزنی نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ جنرل ردزنی خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔ جبکہ جنرل ندیم رضا سے جنرل ردزنی کی ملاقات میں علاقائی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک کے درمیان ملٹری تعاون بڑھانے پر غور ہوا۔ جنرل ردزنی نے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو بھی سراہا۔ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے جنوبی افریقہ کے مسلح افواج کے سربراہ کی الگ الگ ملاقات
Jul 27, 2021 | 21:13